حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین شعبۂ قم کے دفتر میں صراط تبلیغی مرکز پاکستان کے وفد نے مولانا سید تصور حسین نقوی کی سربراہی میں مجلس کے شعبۂ قم کے انچارج مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی اور ان کی کابینہ کے اراکین سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران مولانا سید تصور حسین نقوی نے صراط تبلیغی مرکز پاکستان کی سرگرمیوں، اہداف اور جاری تبلیغی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ مرکز کا بنیادی ہدف قم المقدسہ سے فارغ التحصیل طلاب و علماء کی علمی و تبلیغی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے مختلف علاقوں میں مساجد اور دینی مراکز کی آبادکاری اور تبلیغی سرگرمیوں کے لیے منظم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے صراط تبلیغی مرکز کی کوششوں کے نتیجے میں اب تک پاکستان میں متعدد مساجد کو آباد کیا جا چکا ہے، جہاں نمازِ جماعت، دینی تعلیم، تبلیغ اور مذہبی و معاشرتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں مساجد کو فعال بنانا اور انہیں دینی و اجتماعی سرگرمیوں کا مرکز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر مجلسِ وحدت مسلمین شعبۂ قم کے انچارج مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے مولانا سید تصور حسین نقوی کی جانب سے انجام دی جانے والی تبلیغی و دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مساجد کو آباد کرنے اور علماء و طلاب کی تبلیغی صلاحیتوں سے مؤثر استفادہ کرنے کی یہ کوششیں قابلِ قدر ہیں۔
انہوں نے صراط تبلیغی مرکز پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبۂ قم، قم میں موجود پاکستان سے تعلق رکھنے والے طلاب و علماء کو اس مرکز کی سرگرمیوں اور تبلیغی مواقع سے آگاہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہلِ علم پاکستان میں دینی و تبلیغی خدمات انجام دے سکیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے پاکستان میں دینی و تبلیغی سرگرمیوں کے فروغ، مساجد کی آبادکاری اور قم سے فارغ التحصیل علماء و طلاب کے درمیان مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔










آپ کا تبصرہ